ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی سے اغوا کی گئی بچی کمٹہ سے برآمد ، پولس نے اغوا کار کو کیا گرفتار

اڈپی سے اغوا کی گئی بچی کمٹہ سے برآمد ، پولس نے اغوا کار کو کیا گرفتار

Mon, 12 Jul 2021 12:24:36    S.O. News Service

اڈپی، 12؍جولائی (ایس او نیوز) باگلکوٹ کے رہنے والے مزدور جوڑے کی جس ڈھائی سالہ بچی کو  ایک دن قبل یعنی اتوار کو  کراولی بائی پاس کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا اسے پولیس نے تیزی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے شمالی کینرا کے کمٹہ ریلوے اسٹیشن سے اتوار دیر رات کو ہی  برآمد کرلیا اور ساتھ ہی اغواکار ملزم  .پراشو.  کو بھی گرفتار کرلیا ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ ملزم پراشو ، جو کہ خود بھی باگلکوٹ کا رہنے والا تھا، بچی کو اس کے ماں باپ کے پاس سے ناشتہ کروانے کے بہانے لے گیا اور پھر واپس نہیں لوٹا۔ بچی کے ماں باپ کی طرف سے اغوا کیے جانے کی شکایت درج ہونے کے بعد پولیس نے تیزی کے ساتھ کارروائی شروع کی ۔ تحقیقات کے دوران کراولی بائی پاس کے قریب ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا  کہ ملزم بچی کے ساتھ سٹی بس میں سوار ہوگیا ہے۔ اس سی سی ٹی وی کی فوٹیج بعد میں سوشیل میڈیا پربھی  وائرل  ہوگئی ۔

پھر ایک خاتون نے پولس کو  بتایا کہ وہ شخص سنتے کٹے میں اترنے کے بعد لال رنگ کی ایک دوسری بس میں سوار ہوگیا  تھا۔ اڈپی سٹی پولیس انسپکٹر پرمود کمار اور ان کی ٹیم نے سرعت کے ساتھ اقدامات کرتے ہوئے لال رنگ کی بس کا پتہ چلایا اور اس کے کنڈکٹر سے معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ ملزم کمٹہ میں بس سے اترا تھا۔ یہ خبر کمٹہ پولیس کو دی گئی ۔ اسی کے ساتھ بھٹکل ، کمٹہ اور کاروار کے پولیس افسران حرکت میں آگئے اور ملزم کے ساتھ بچی کی تلاش شروع کردی۔ بالآخر رات کے وقت کمٹہ ریلوے اسٹیشن پر ملزم اور بچی پولیس کے ہاتھ لگ گئے ۔


Share: